کولکاتہ، 11 نومبر (آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی میں ٹوٹ پھوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی لیڈر جو انتخابات سے عین قبل پارٹی کا حصہ بن گئے تھے، اب بی جے پی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان میں سب سے تازہ ترین نام بنگالی اداکارہ شرابنتی چٹرجی کا ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اعلان کرتے ہوئے شرابنتی نے کہاکہ میں بی جے پی سے اپنے تمام تعلقات منقطع کر رہی ہوں، جس پارٹی کے لیے میں نے گزشتہ ریاستی الیکشن لڑا تھا۔ اس میں بنگال کے مفادات کے لیے پہل اور سنجیدگی کا فقدان ہے۔قابل ذکر ہے کہ شرابنتی چٹرجی نے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بنگال میں ترقی کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ میں ممتا بنرجی کی عزت کرتی ہوں، لیکن میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ویژن سے زیادہ متاثر ہوں۔انہوں نے کہا کہ بنگال کی اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی بائیں بازو کی جماعتوں اور ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں ہونی چاہیے تھی، اس لیے بی جے پی کو موقع ملنا چاہیے۔بنگال انتخابات میں ٹی ایم سی امیدوار سے سیدھا مقابلہ تھا۔مغربی بنگال کی بہالا ویسٹ سیٹ پر بی جے پی کی شرابنتی چٹرجی اور ترنمول کانگریس کے پارتھا چٹرجی کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ اس سیٹ پر جہاں شرابنتی کو شکست ہوئی تھی، پارتھ اس سیٹ سے لگاتار پانچویں بار ایم ایل اے بنے تھے۔